عاصمہ قتل کیس: قاتل کا عدالت کے سامنے اعترافِ جرم


لودھراں(24نیوز) عاصمہ کا قاتل آج عدالت میں پیش ہوگیا، ملزم علی حیدر نے عدالت کے سامنے بھی اعتراف جرم کر لیا، عدالت نے ملزم کو 7 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، ننھی عاصمہ کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ24نیوز نے حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق لودھراں کی ننھی عاصمہ سے زیادتی اور اسے قتل کرنے والے درندہ صفت علی حیدر کو آج عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ملزم نے عدالت کے سامنے بھی اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ ملزم کو مزید تفتیش کیلئے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیاگیا۔ ملزم علی حیدر نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بھی اقبال جرم کیا۔ اس نے بتایا کہ اس جرم میں وہ اکیلا تھا اس کے ساتھ کوئی اور نہیں تھا۔

واضح رہے کہ زیادتی کے بعد قتل ہونے والی عاصمہ کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ24 نیوز نے حاصل کرلی۔ رپورٹ کے مطابق عاصمہ کو لاش ملنے سے 48گھنٹے پہلے قتل کیا گیا۔ عاصمہ کا منہ مضبوط ہاتھ سے دبا کر اس کا سانس روکا گیا۔رپورٹ میں بائیں کان اور منہ کے بائیں طرف سے خون آنے کی بھی نشاندہی ہوئی ہے۔

ایس ایچ او اختر شاہ کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ میں انسداد دہشت گردی۔قتل اقدام قتل سمیت دیگر دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔