70 ارب کرپشن ریفرنس: ڈاکٹر عاصم سمیت دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد

70 ارب کرپشن ریفرنس: ڈاکٹر عاصم سمیت دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد


کراچی (24 نیوز) کراچی کی احتساب عدالت نے سترہ ارب کرپشن ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم حسین سمیت دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد کردی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔

جامشورو جوائنٹ وینچر لمیٹڈ کمپنی میں سترہ ارب روپے کی مبینہ کرپشن سے متعلق ریفرنس کی احتساب عدالت میں سماعت، عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین، ملک عثمان، خالد رحمان سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ عدالت نے نیب کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ریفرنس میں شریک تمام ملزمان پر ڈیڑھ سال بعد فرد جرم عائد کر دی۔

فرد جرم عائد ہونے کے بعد ڈاکٹر عاصم سمیت دیگر ملزمان نے اعتراض کر دیا عدالت نے ملزمان کے صحت جرم سے انکار پر آئندہ سماعت پر ریفرنس کے گواہ کو طلب کرتے ہوئے سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد ڈاکٹر عاصم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مجھے الزامات پڑھ کر نہیں سنائے گئے مجھے علم تک نہیں کہ مجھ پر الزامات کیا ہیں۔

ڈاکٹر عاصم کا مزید کہنا تھا کہ اب تک ریفرنسز کا سامنا کیا ہے آئندہ بھی سامنا کروں گا جو الزام لگائے گئے ہیں وہ جھوٹ پر مبنی ہیں۔