بھارتی جارحیت پر پاکستان جواب دے گا:وزیر خارجہ



اسلام آباد(24نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بزدل بھارت نے بہاد ر قوم پاکستان کو للکارا ہے، پاکستان بھارت کے اقدام پر اپنے دفاع میں مناسب جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔

قومی سلامتی کے اجلاس کے بعداسلام آباد میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے اقدام کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی تصور کرتے ہیں، پاکستان اپنے دفاع میں مناسب جواب دینے کا حق رکھتاہے،  وزیراعظم نے اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں دفتر خارجہ کا مؤقف پیش کروں گا۔پاکستان بھر پور جواب دے گا،قومی اور عالمی میڈیا کو واقعہ کی جگہ لے جا کر حقیقت سب کے سامنے رکھیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی جنون کے خلاف بھارت کے اندر سے ہی آوزیں اٹھ رہی ہیں،محبوبہ مفتی نے یہ کہا ہے کہ یہ حقیقت کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی قیادت کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،تین رکنی کمیٹی بنادی ہے۔وزیر اعظم نے افواج پاکستان اور عوام کو تیار رہنے کا کہا ہے۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں قوم کو گمراہ نہیں کرنا چاہتا، خطرات کے بادل پاکستان پر منڈلا رہے ہیں اور موجودہ حالات میں ہوشیار رہنا ہوگا،جنونی طبقہ سیاسی مقاصد کے لیے خطے کا امن داؤ پر لگانے پر تلا ہوا ہے تاہم پاکستان کی قوم اور افواج الرٹ ہیں،نئی صورتحال پر دفتر خارجہ میں ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے، وزیراعظم عمران خان کو پل پل کی خبر ہے اور وہ ہر چیز سے مطلع ہیں۔دفتر خارجہ کے اجلاس میں ملک کا نکتہ نظر پیش کروں گا،  ہم ذمہ دار قوم ہیں اور ہمیں ذمہ داری، بردباری اور وقار سے آگے بڑھنا ہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer