سی پیک کے ذریعے پوراخطہ منسلک ہوجائیگا:وزیر اعظم


ڈیووس(24نیوز)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ صرف پاکستان اور چین کا نہیں بلکہ پورے خطے کے لیے ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے اور ہم قوم کے روشن مستقبل کے لیے کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان مشرق اور مغرب سمیت تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، امریکا کے ساتھ بھی اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو افغان تناظر میں دیکھ رہا ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عالمی اقتصادی فورم ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم ذریعہ ہے اور فورم کے دوران متعدد سربراہان مملکت اور رہنماؤں سے مفید ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ سی پیک صرف پاکستان اور چین کا نہیں بلکہ پورے خطے کا منصوبہ ہے، سی پیک کے ذریعے ممالک کے درمیان رابطوں کو بہتر بنا رہے ہیں۔
واضح رہے اس کانفرنس سے خطاب میں وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چین کاعزم خوشحال مشترکہ مستقبل کا حصول ہے جب کہ تصادم زدہ علاقوں پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان، وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ،ملالہ یوسفزئی اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔