شہباز شریف نے پیر آف سیال شریف کے آگے گھٹنے ٹیک دیے


سرگودھا(24نیوز)وزیر اعلیٰ شہباز شریف جب پیر آف سیال شریف کو ملنے ان کے آستانے پر گئے تو انہوں نے خواجہ حمید الدین سیالوی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے اور ان کے گھٹنوں کو چھولیا ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کا وطیرہ رہا ہے کہ پہلے مخالفین کو ڈراؤ ،دھمکاؤ اگر بات نہ بنے تو پاؤں پڑ جاؤ ایسی ہی کیفیت سیال شریف میں بھی دیکھنے کو ملی جہاں وزیر اعلیٰ پنجاب خواجہ حمید الدین سیالوی کے گھٹنوں کو بار بار چھوتے رہے،پنجاب حکومت نے پیر سیالوی کے احتجاج اور ڈیڈ لائن کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے رانا ثناء اللہ کے استعفیٰ اور ختم نبوتؐ کے معاملے پرکمیٹی تشکیل دی ہے۔

رانا ثنا اللہ معافی مانگیں، دوبارہ کلمہ پڑھیں: پیر حمید الدین سیالوی
واضح رہے کہ آستانہ عالیہ سیال شریف میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے خواجہ حمیدالدین سیالوی سے مختصر ملاقات کی اور ان کے تحفظات دور کیے، ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ خواجہ حمیدالدین سیالوی نے احتجاج کی کال مسترد کردی ہے، حضرت صاحب نے استعفوں کی واپسی کی اجازت دے دی ہے، اب پر امن طور پر سیرت النبی کانفرنس ہوگی ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو کانفرنس کے معاملات کا جائزہ لے گی اور دیگر معاملات کو پر امن طور پر حل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ختم نبوت ﷺ پر ہمارا ایمان ہے اور یہ ہمارے عقیدے کا حصہ ہے، کسی مسلمان کا ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتا جب تک وہ عقیدہ ختم نبوت ﷺ پر ایمان نہیں لے آتا۔ ’پہلے بھی کئی بار سیال شریف حاضری دی ہے، ہمارے درمیان دوریاں بعض سیاسی مخالفین اور مذہبی طبقات نے پیدا کرنے کی کوشش کی۔