زینب قتل کیس کے ملزم عمران کا کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں: اسٹیٹ بنک


لاہور(24نیوز)اسٹیٹ بینک کو زینب قتل کیس کے ملزم عمران کا کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں ملا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز زینب قتل کیس کے ملزم عمران کے متعدد بینک اکاؤنٹس کی خبریں سامنے آئی تھیں جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے جے آئی ٹی کو اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے زینب قتل کیس کے ملزم عمران کے اکاؤنٹس کی تحقیقات کیں اور قصور کے تمام بینکوں میں ملزم کے اکاؤنٹس کی چھان بین مکمل کی جس میں ملزم کا قصور کے 12 بینکوں میں کوئی اکاؤنٹ نہیں ملا۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزم عمران کے شناختی کارڈ پر کسی بھی بینک میں کوئی اکاؤنٹ نہیں،دوسری جانب اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ قصور واقعے پر پنجاب حکومت کی جے آئی ٹی کی دراخوست ملی جس میں ملزم کے اکاؤنٹس کے بارے میں پوچھا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے کہا گیا ہیکہ بینک جے آئی ٹی کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا، ملزم عمران کے اکاؤنٹس سیمتعلق معلومات پر تحقیقات کی جائے گی جس کے لیے بینکوں سے معلومات جمع کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک نے بھی ملزم عمران کے اکاؤنٹس سے متعلق چھان بین مکمل کرلی ہے اور مرکزی بینک کو بھی ملزم کا کوئی اکاؤنٹ نہیں ملا ہے۔
یاد رہے نجی ٹی وی کے ایک سینئر صحافی کی طرف سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ملزم عمران کا انٹرنیشنل گروہ سے تعلق ہے اور اس کے37 غیرملکی بینک اکاؤنٹس ہیں۔

مزید دیکھیں: