ثنا اللہ زہری، نواز شریف نے بلوچستان کیلئے کچھ نہیں کیا:عبدالقدوس بزنجو


کراچی (24 نیوز) بلوچستان کے نومنتخب وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کا شمار پاکستان کے بڑے سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔ کل ملاقات میں انہوں نے دوا نہیں دعا دی تھی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان کے نومنتخب وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کا شمار پاکستان کے بڑے سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔ کل ملاقات میں انہوں نے دوا نہیں دعا دی تھی۔ ملاقات میں حب ڈیم اور تعلیم کے حوالے سے ہمارے کچھ مسائل تھے جن کا ذکر ہم نے سابق صدر سے کیا۔ کل کے کھانے میں ہمارے ساتھ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی تھے۔

عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری نے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا دی ہے، جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا کہ بیرون ملک میں کچھ لوگ بیٹھ کر بلوچستان میں حالات خراب کرتے ہیں لیکن اب یہاں کے نوجوان قومی دھارے میں شامل ہورہے ہیں۔ راؤ انوار نے بلوچستان سے ایران فرار ہونے کی کوشش کی تو انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے اپنی کابینہ کے ہمراہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ مزار قائد کی سیکیورٹی پر موجود دستوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کو سلامی دی۔