ملزم عمران کے فارن بینک اکاؤنٹس کا دعویٰ جھوٹا ہے: ملک احمد خان


لاہور (24 نیوز) پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان نے کہا ہے کہ زینب قتل کیس کے ملزم عمران کا کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں۔ جھوٹی خبر سے تحقیقات کا رک موڑنے کی کوشش کی گئی۔ اسٹیٹ بینک کی طرف سے بھی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملزم عمران کا کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں، ملزم عمران کے فارن بینک اکاؤنٹس کا دعویٰ جھوٹا ہے۔ جھوٹی خبر سے تحقیقات کا رخ موڑنے کی کوشش کی گئی۔ دروغ گوئی نے قوم کو ہیجان میں مبتلا کیا۔ اسٹیٹ بینک نے بھی تفصیلات جاری کر دیں۔

یہ بھی پڑھئے:زینب قتل کیس کے ملزم عمران کا کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں، اسٹیٹ بنک

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے اپنی خبر میں جن اراکین پارلیمنٹ کی کردار کشی کی، انہیں بھی سپریم کورٹ میں جانا چاہیے۔ جے آئی ٹی نے شاہد مسعود کو دو بار طلب کیا لیکن وہ نہیں آئے، اب پھر انہیں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا کہہ رہے ہیں۔ جھوٹی خبر کا فیصلہ سپریم کورٹ میں ہوگا۔