ملزم عمران کےشناختی کارڈز پر غیرملکی بینک اکاؤنٹ نہیں: گورنراسٹیٹ بینک


کراچی (24 نیوز) اسٹیٹ بینک کے گورنر طارق باجوہ نے انکشاف کیا ہے کہ زینب قتل کیس کے ملزم عمران کے دونوں شناختی کارڈز پر کسی غیر ملکی بینک میں اکاؤنٹ نہیں ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے بنیادی شرح سود بڑھا کر 6 فیصد کرنے کا اعلان بھی کیا۔

سانحہ قصور میں نامزد مرکزی ملزم عمران علی کے مبینہ غیر ملکی بینک اکائونٹس کی تردید کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے اہم انکشاف کر ڈالا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک بولے پنجاب حکومت کی جانب سے دیئے گئے دو شناختی کارڈز میں سے تاحال کسی پر بھی غیر ملکی بینک اکاؤنٹ ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا تاحال ایک بینک اکاؤنٹ سامنے آیا ہے جس میں 130 روپے کی رقم موجود ہے، پنجاب حکومت کی درخواست پر اسٹیٹ بینک کے افسر شوکت علی کو جے آئی ٹی میں شامل کروایا۔

اس موقع پر مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے بنیادی شرح سود 25 بیسز پوائنٹس کے اضافہ سے 6 فیصد کرنے کا اعلان کیا۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ معاشی ترقی کی رفتار مستحکم کرنے کے لئے شرح سود بڑھائی گئی ہے۔ روپے کے مقابلے میں پاونڈ اور یورو کی قدر میں اضافے کی وجہ عالمی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی ہے۔