دلہا، دلہن پریشان نہ ہوں، شادی ہالز کھلے ہوں گے

دلہا، دلہن پریشان نہ ہوں، شادی ہالز کھلے ہوں گے


کراچی(24نیوز)کراچی میں شادی کرنیوالوں کی سنی گئی، آج شہر قائد کے شادی ہالز بند نہیں ہوں گے۔ شادی ہال مالکان اور حکومت میں مذاکرات کامیاب ہوگئے، سعید غنی کی یقین دہانی پر مالکان نے کل ہڑتال کی کال واپس لے لی۔

کراچی کے دلہا دلہن کی مشکل آسان،اب شادیانے بجیں گے،ساجن ملیں گے،شادی ہال مالکان نے ہڑتال کا فیصلہ واپس لے لیا۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے سپریم کورٹ کے حکم پر شادی ہال مالکان کے خلاف ایکشن کی تیاری کی تو میرج ہال ایسوسی ایشن بھی ڈٹ گئی،نوٹس ملنے کے بعد شادی ہال مالکان ایس بی سی اے کے دفتر پہنچے اور احتجاج کیا۔

ایس بی سی اے سے مالکان کے مذاکرات ہوئے جو ناکام رہے،جس پرمیرج ہال ایسوسی ایشن نے اتوار سے تمام ہالز بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔ کراچی میں شادی ہال مالکان کی ہڑتال کے اعلان پر دولہا دلہن پریشان ہوگئے،ایک دولہے نے تو وزیراعظم کو بھی تنقید کا نشانہ بناڈالا۔

دوسری جانب کیٹرنگ والوں کو معاملے پر لالے پڑگئے،ان کا کہنا تھا کہ آرڈر کینسل ہونے سے پارٹی ادائیگی کرنے سے مکر جاتی ہے۔عوامی پریشانی کے پیش نظروزیراعلی سندھ نے ہڑتال کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کیا،جس کےبعد وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی یقین دہانی اور کامیاب مذاکرات پر مالکان نے ہڑتال کی کال واپس لے لی۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔