کوئی ایک جماعت نئےصوبے بنانے کا فیصلہ نہیں کرسکتی: وزیر اعظم


ملتان (24نیوز) وزیر اعظم  شاہد خاقان عباسی نے سکھر ملتان موٹروے کے ملتان شجاع آباد سیکشن کا افتتاح کر دیا، ملتان سکھر موٹروے ایم فائیو394کلومیٹر طویل ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے سکھر ملتان موٹروے کے ملتان شجاع آباد سیکشن کا افتتاح  کیا۔ اس موقع پر تقریب سے  خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اربوں روپے کا کام ہر تحصیل میں ہوا ہے۔حکومت نے جووعدے کئے ان سے بڑھ کر کام کیا،   پچھلے پانچ سال میں وہ کام ہوا جو پچھلے 65 سال میں نہیں ہوا۔موجودہ حکومت نے دس ہزار چار سو میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔

یہ بھی پڑھیں: مظفر گڑھ میں جدید ہسپتال کا افتتاح،نیب جس کو چاہے بلا سکتا ہے:شہباز شریف

انھوں نے کہا پرویز مشرف اور آصف زرداری نے دس سال میں اس علاقہ کیلئے کوئی کام نہیں کیا، پرویز مشرف نے دو چار منصوبے شروع کیے وہ بھی مکمل نہ کیے۔جومنصوبے کئی عشروں سے رکے تھے وہ بھی مکمل کئے، وقت سے پہلے کام مکمل کیے ہیں۔  ہم نے نہ صرف آج بلکہ آنے والے کل کے لیے بھی کام کیے جو کہ دنیا تسلیم بھی کرتی ہے۔ 

 دوسری جانب کوٹھ مٹھن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا  کہ ہم نے کبھی کسی غیرجمہوری قوت کا ساتھ نہیں دیا، ترقی صرف اور صرف جمہوریت میں ہی ہے،  نوازشریف اقتدار میں آئے توترقی کا سفرشروع ہوا۔دوہزار تیرہ میں عوام نے جوذمہ داری سونپی اسے پورا کررہے ہیں۔

انھوں نے اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ الیکشن آیاتوکچھ لوگوں کوصوبہ یادآگیا، کوئی ایک جماعت صوبہ بنانے کا فیصلہ نہیں کرسکتی۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔