ملک بھرمیں لاکھوں فرزندانِ اسلام اعتکاف میں بیٹھ گئے

ملک بھرمیں لاکھوں فرزندانِ اسلام اعتکاف میں بیٹھ گئے


اسلام آباد(24 نیوز) ملک بھرمیں لاکھوں فرزندانِ اسلام شب قدرکی تلاش میں اعتکاف میں بیٹھ گئے۔

آج رمضان المبارک کے آخری عشرے کی پہلی طاق رات ہے۔ دوزخ سےنجات کاعشرہ شروع ہوگیااورملک بھرمیں مساجدکی رونقوں کو چارچاند لگ گئے۔ لاکھوں فرزندانِ اسلام شب قدرکی تلاش میں اعتکاف میں بیٹھ گئے، لیلتہ القدرایک ایسی رات جو ہزارمہینوں سے بہترہے۔

ملک کے مختلف بڑے شہروں میں اجتماعی اعتکاف کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، کراچی میں سب سے بڑااجتماع جامع فیضانِ مدینہ میں ہورہا ہے، جہاں چھ ہزارافراداعتکاف میں بیٹھے ہیں۔ نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ،مکی مسجد عائشہ منزل، طوبیٰ مسجد ڈیفنس، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، گلزارحبیب سولجر بازار، جامع مسجد کنزالایمان گرومندر،جامعہ مسجد عیدگاہ میں بھی سیکڑوں معتکفین موجود ہیں۔

لاہورمیں منہاج القرآن کےشہراعتکاف میں10ہزار، بادشاہی مسجد میں 700 ، داتاد ربارمسجد میں 2300 معتکفین کیلئے انتظامات کئے گئے۔ جامعہ نعیمیہ،جامعہ اشرفیہ،مرکزِاہلحدیث ،مسجد قادسیہ، جامع مسجد منصورہ اور بحریہ ٹاؤن کی گرینڈ مسجد میں بھی سیکڑوں معتکفین اعتکاف بیٹھ گئے۔

فیصل مسجداسلام آباد میں بھی6 سوخوش نصیب اپنے خالق حقیقی کوراضی کرنے کی غرض سے دنیاوی مصروفیات سے کنارہ کشی کرکے اعتکاف میں بیٹھ گئے۔سرگودھا کی جامع مسجد حامدعلی شاہ میں بھی سیکڑوں کی تعداد میں فرزندان اسلام اعتکاف کررہے ہیں۔ ملتان سمیت ملک کےدیگر شہروں میں بھی مسلمان اعتکاف میں بیٹھ گئےہیں۔

Malik Sultan Awan

Content Writer