سابق چیف جسٹس کا داماد دبئی سے گرفتار


اسلام آباد(24نیوز)ایڈن ہاﺅسنگ سوسائٹی کیس میں بڑا بریک تھرو ہوا ہے،وزیر اطلاعات فوادچودھری کا کہنا ہے کہ ایڈن ہاﺅسنگ سوسائٹی کے مالک مرتضیٰ امجد چودھری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے داماد مرتضیٰ کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے دبئی سے گرفتار کرلیا ہے، جن کے وارنٹ قومی احتساب بیورو (نیب) نے جاری کیے تھے۔
کیس کا پس منظر بتاتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایڈن ہاﺅسنگ سوسائٹی میں فراڈ کے نتیجے میں 200 سے 300 لوگ متاثر ہوئے تھے، جن کی ساری زندگی کی جمع پونجی ڈوب گئی تھی،سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے حیران کن فیصلہ کیا اور ایڈن ہاﺅسنگ سوسائٹی سے متعلق کیس سپریم کورٹ میں اپنے پاس لگوا کر اپنے سمدھی کو ریلیف فراہم کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس کیس میں افتخار چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار، ان کی صاحبزادی اور سمدھی بھی نامزد ہیں، وزیراعظم عمران خان نے 24 گھنٹے میں اس سلسلے میں حتمی اور فیصلہ کن رپورٹ طلب کرلی ہے۔
خیال رہے کہ حکومت میں آنے سے قبل رواں برس جون میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو خط لکھ کر ایڈن  ہاﺅسنگ سوسائٹی میں اربوں روپے کے مبینہ فراڈ پر سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری، ان کی صاحبزادی، داماد اور سمدھی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔