ایشیا کپ: بنگلہ دیش نے پاکستان کو شکست دیکرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

ایشیا کپ: بنگلہ دیش نے پاکستان کو شکست دیکرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا


دبئی(24نیوز)بنگلہ دیش نے پاکستان کو 37 رنز سے شکست دیدی، 240 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 9 وکٹوں پر 202 رنز بنا سکی۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، بنگلہ دیش کی طرف سے  لیٹن داس اور سومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا۔اوپنرز کی جانب سے بیٹنگ کا اچھا آغاز فراہم نہ کیا گیا اور تیسرے ہی اوور میں سومیا سرکار بغیر کوئی رنز بنائے جنید خان کی گیند کا نشانہ بنتے ہوئے پویلین لوٹ گئے، اس کے ایک ہی اوور بعد شاہین آفریدی کی گیند پر مومن الحق صرف 5 رنز بنا کر کلین بولڈ  ہوگئے، بنگلہ دیش کو تیسرا جھٹکا لیٹن داس کی صورت میں ملا جو 6 رنز بناکر جنید خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ تاہم تین بیٹسمینوں کے آؤٹ ہونے کے بعد مشفیق الرحمان اور محمد مٹھن نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے ففٹی سکور کی۔

بنگلا دیش کے چوتھے آؤٹ ہونے والے محمد متھن تھے جو  156 کے مجموعی اسکور پرحسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔اگلے آنے والے بیٹسمین امرالقیس تھے جو  صرف 9 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔بنگلہ دیش کی جانب سے بہترین اسکور کرنے والے مشفیق الرحمان بدقسمتی سے 99 رنز بنا کرشاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

مشفیق الرحمان کےآؤ ٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیش کی وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 48.5 اوورز میں 239 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے ایشیا کپ میں پہلا میچ کھیلنے والے محمد جنید نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔شاہین آفریدی اور حسن علی نے دو، دو جبکہ شاداب خان نے ایک کھلاڑی کی آؤٹ کیا۔

 بنگلادیش کے 240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو ابتدائی 2 اوورز میں فخر زمان اور بابر اعظم کی وکٹ سے محروم ہونا پڑا۔ اوپنر فخر زمان ایک بار پھر ناکام ہوئے اور صرف ایک رن بناکر مہدی حسن مراز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بابر اعظم بھی ایک رن بناکر مستفیض الرحمان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ تیسری وکٹ پاکستانی کپتان سرفراز احمد کی گری جو صرف 10 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 85 کے مجموعی اسکور پر گری جب شعیب ملک بھی 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ پانچویں وکٹ 94 کے مجموعی سکور پر شاداب خان کی گری جو صرف 4 رنز بنا کر سومیا سرکار کا شکار بنے۔ چھٹی وکٹ آصف علی کی گری جو 165 کے مجموعی سکور پر 31 رنز بنا کر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی ساتویں وکٹ 167 کے مجموعی سکور پر گری جب امام الحق بھی 83 رنز بنا کر محموداللہ کی گیند پر سٹمپ آوٹ ہو گئے۔محمد نواز اور حسن علی بالترتیب 8،8 رنز بنا کر چلتے بنے۔شاہین آفریدی 14 اور جنید خان 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے مستفیض الرحمان نے 4 جبکہ مہدی حسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ فائنل جمعہ کے روز بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔