سیاسی نظام کو لپیٹنے کی باتیں کیوں ہورہی ہیں؟

سیاسی نظام کو لپیٹنے کی باتیں کیوں ہورہی ہیں؟


لاہور(24نیوز)اس وقت پاکستان میں  طرح طرح کی قیاس آرائیاں جاری ہیں،اس سیاسی نظام کو لپیٹنے یا نیا تجربہ کرنے کی بات ہورہی ہے،اس طرح کی افواہیں کہاں سے آرہی ہیں؟کیوں آرہی ہیں اور ان میں حقیقت کتنی ہے؟

تفصیلات کےمطابق تبدیلی سرکار کی بدلتی ہوئی پالیسیاں کیا کچھ نیا کرنے جارہی ہیں؟ وزیراعظم عمران خان اپنی بنائی ہوئی ان پالیسیوں سے پوری طرح استفادہ حاصل کیوں نہیں کرپارہے، 24 نیوز کے پروگرام نجم سیٹھی شو کے میزبان سینئر صحافی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ باتیں چل رہی ہیں کہ حکومت معاشی بحران  اور دیگر مسائل پر قابو پانے میں ناکام نظر آتی ہے،خان صاحب قابو نہیں پارہے،کٹھ پتلی کی باتیں بھی ہورہی ہیں.

کچھ پریشان لوگ کچھ اس طرح سوچ رہے ہیں کہ خان صاحب کو کہا جائے یا وہ خود سوچ لیں کہ ملکی معیشت اور استحکام کے لئے پنجاب اسمبلی اور نیشنل اسمبلی تحلیل کردی جائے، اور عوام سے جا کر یہ کہیں کہ ہم نے اس نظام کو بہتر کرنے کی بھرپور کوشش کی مگرمیرے ہاتھ بندھے ہوئے تھے، میری ٹیم نہیں بن پارہی اور اپوزیشن بڑی رکاوٹ ہے۔

 اگر اس وقت الیکشن ہوتے ہیں تو خان صاحب کی واضح شکست ہے، ان کی کارکردگی، مہنگائی اور اوپر سے یوٹرن پہ یوٹرن، عوام ہرگز ان کو ووٹ نہیں دینگے، خان صاحب نے آدھے لوگوں کو تبدیل کردیا، پنجاب میں نیا چیف منسٹر لانے لگے ہیں، شہباز شریف کے لاڈلے واپس آگئے ہیں، یہ بھی سوچا جارہا ہے کہ لوکل باڈیزکی چھٹی کرادی جائے اور بیوروکریسی سے پنجاب کو چلایا جائے۔

 ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اس وقت ریلیاں اور جلسے زیاد ہ کررہے ہیں اور گورننس کی طرف کم توجہ دے رہے ہیں، ایک طرف وہ مختلف علاقوں کے لوگوں سے وعدے کررہے ہیں کہ نئے سکول، ہسپتال بنائیں گے اور دوسری طرف اپوزیشن کے پیچھے ہاتھ دھو کے پڑے ہوئے ہیں، یہ تعمیراتی کام الیکشن سے پہلے ہوتے ہیں بعد میں نہیں، خان صاحب کیا کررہے ہیں یہ سوال پیدا ہوتا ہے؟

 اگر حکومت مسائل کا حل چاہتی ہے تو ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنانا ہوگا، کرپشن کو کنٹرول کرنا ہوگا جو کہ معیشت کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے، اس وقت کرپشن کا ایجنڈا منفی ہے اس کو بھول جائیں اور کاروبار کی طرف توجہ دیں، خان صاحب نان فائلرز کو فائلرز تو بنائیں اور اپوزیشن کے ساتھ لڑائی جھگڑے بند کریں تاکہ اس معاشی بحران سے چھٹکارا حاصل کیا جائے،ملک کو مضبوط کریں آگے بہت سے طوفان آنے والے ہیں۔