"امریکا ایران پر عائد پابندیاں اٹھائے"



تہران (24 نیوز) ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا سے مزاکرات کا اشارہ دے دیا۔

ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں چاہتا ۔ ایران بات چیت پر یقین رکھتا ہے ، امریکا ایران پر عائد پابندیاں اٹھائے۔ادھر ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ اگر امریکہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاہدے میں واپس بھی آ جائے تب بھی ایران اور امریکی صدور کے مابین ملاقات کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کا بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے کہ وہ اگلے چند ہفتوں میں ایران کے صدر حسن روحانی سے صحیح وقت پر ملنا چاہیں گے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے فرانس کے دورے کے دوران کہا تھا کہ ایرانی صدر حسن روحانی اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین ملاقات کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ روز کہا تھا کہ وہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اگلے چند ہفتوں میں ایران کے صدر حسن روحانی سے صحیح وقت پر ملنا چاہیں گے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer