شہباز شریف کے ہاتھ میں وزیراعظم کی لکیر نہیں: شیخ رشید

شہباز شریف کے ہاتھ میں وزیراعظم کی لکیر نہیں: شیخ رشید


ملتان (24 نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہبازشریف کے ہاتھ میں وزیراعظم کی لکیر نہیں۔

شیخ رشید احمد نے حکمران جماعت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے آج کے بیان سے ان کی سیاسی تدفین کا وقت آ گیا ہے۔ فوج اعتکاف میں ہی رہے۔ نواز شریف کی باتوں کا نوٹس نہ لے تو بہتر ہے۔ شہباز شریف کے ہاتھ میں وزیر اعظم کی لکیر نہیں۔ شاہد خاقان عباسی وکٹ کی دونوں جانب کھیل کر دونوں بھائیوں کو خوش رکھے ہوئے ہیں۔

سربراہ عوام مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ شریف خاندان نے پیسے دے کر عدالتوں پر حملے کرائے۔ انہیں ملک قیوم جیسے جج اور فوج میں جنرل بٹ جیسے لوگ چاہیئں۔ نواز شریف نے سمجھا ہیلی کاپٹر کیس کی طرح پانامہ میں بھی قطری خط بچا لے گا مگر ایسا نہ ہوا۔

سابق وزیر اعظم پر تقنید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نواز شریف عدلیہ کو للکار کر جمہوریت کو بچا نہیں سکتے۔ نواز شریف کو مریم نواز ہی مشورے دینے کے لیے کافی ہے۔ عمران خان اور طاہر القادری آج جتنے پاس پاس ہیں پہلے کبھی نہ تھے۔