سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کو 11 سال بیت گئے


اسلام آباد(24نیوز) محترمہ بینظیربھٹو کی شہادت کی گیارھویں برسی کی تقریب گڑھی خدابخش میں ہوگی، لاہورسمیت ملک بھر سے قافلے برسی میں شرکت کے لیے روانہ ہوگئے۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کے لئے ملک بھر کی طرح لاہور سے بھی جیالوں کے قافلے گڑھی خدا بخش کو عازم سفر ہوئے، لاہور سے 300 جیالوں پر مشتمل قافلہ صدر پیپلز پارٹی لاہور حاجی عزیز الرحمان چن کی صدارت میں ریلوے سٹیشن سے روانہ ہوا، جبکہ بیرون ملک سے بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکن پہنچ گئے ، بی بی کے مزار پر قرآن خوانی جاری ہے۔

علاوہ ازیں حاجی عزیر الرحمان چن کا کہنا تھا کہ برسی کے شرکا سے بلاول بھٹو اور آصف زرداری کا خطاب اہم ہوگا۔ بی بی ہمارے دلوں میں بستی ہیں انکی جدائی کا غم آج بھی تازہ ہے۔ دیگرعہدہداروں اور کارکنوں کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت کو ہمیشہ آزمایا گیا ۔ ہم ہر آزمائش میں اپنی قیادت کے ساتھ ہیں، احتساب کے نعروں کی گونج میں گرفتاریوں اور پیشیوں کے نتیجے میں جنم لینے والی موجودہ سیاسی صورتحال میں بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ہونے والا اجتماع اہم سمجھا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ بےنظیربھٹو27 دسمبر2007 کوراولپنڈی میں قاتلانہ حملےمیں شہیدہوئیں۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔