پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ایک اور اہم معاہدہ طے پاگیا

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ایک اور اہم معاہدہ طے پاگیا


اسلام آباد(24نیوز) پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ٹوئٹ کیا ہے کہ انہوں نے پاکستانی وزیر داخلہ شہریار آفریدی اور وزیر اعظم کے مشیر شہزاد اکبر کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ کیا جاسکے گا۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ٹویٹر پر ٹوئٹ کرتے ہو ئے کہا کہ وزیراخلہ شہریاری آفریدی اور وزیراعظم عمران خان کے مشیر شہزاد اکبر کے ساتھ اہم معاہدہ طے پاگیا ہے ،معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے قیدی اپنے اپنے ملکوں میں قید پوری کرسکیں گے۔ 

ذرائع کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کے دورہ پاکستان کے دوران معاہدے کی منظوری دی گئی،معاہدے کے تحت قیدیوں کے تبادلے کے بعد رہائی سے پہلے سزا پوری کرنے کویقینی بنایا جائے گا، قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ پاک برطانیہ تعلقات کی مضبوطی کا مظہر ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انصاف اور احتساب کا معاہدہ پہلے ہوچکا ہے،  جس میں برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کا کہناتھا کہ برطانیہ پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے، 2 فیصد برطانوی شہریوں کی جڑیں پاکستان میں ہیں،قیدیوں کے تبادلے سے متعلق پروگرام شروع کر رہے ہیں، پاکستان برطانیہ کا انتہائی قریبی اور قابل اعتماد دوست ہے۔

ساجد جاوید کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، پاکستانی مصنوعات کی برطانوی مارکیٹ تک رسائی آسان بنائیں گے۔