پنجاب آئی ٹی بورڈ الیکشن کمیشن کو رزلٹ مینجمنٹ سسٹم کی تیاری میں تکنیکی تعاون فراہم کرے گا

پنجاب آئی ٹی بورڈ الیکشن کمیشن کو رزلٹ مینجمنٹ سسٹم کی تیاری میں تکنیکی تعاون فراہم کرے گا


لاہور (24نیوز) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں الیکشن دو ہزار اٹھارہ کیلئے رزلٹ مینجمنٹ سسٹم کی تیاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پی آئی ٹی بی الیکشن کمیشن کو رزلٹ مینجمنٹ سسٹم کی تیاری میں تکنیکی تعاون فراہم کرے گا، تحریک انصاف چیئرمین پی آئی ٹی بی عمر سیف بھی معترض ہوگئی، فرخ حبیب کہتے ہیں عمر سیف وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے گہرے دوست ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد سے ملاقات کی،ذرائع کے مطابق پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ الیکشن 2018 کے لئے ریزلٹ مینجمنٹ سسٹم کی تیاری میں مدد دے گا۔
ڈاکٹر عمر سیف کی الیکشن کمیشن آمد پر تحریک انصاف نے سوال اٹھا دیا،تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈاکٹر عمر سیف کی الیکشن کمیشن آمد پر شدید تحفظات ہیں، ن لیگ جنرل الیکشن کے رزلٹ مینیجمنٹ سسٹم کو ہائی جیک کرنا چاہتی ہے، الیکشن کمیشن کو اس پر وضاحت دینی چاہیے۔
تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ن لیگ کو اب ان اقدامات سے کچھ فائدہ نہیں ہونے والا، ن لیگ جس طرح سینیٹ الیکشن سے باہر ہوئی ہے، آئندہ عام انتخابات سے بھی اسی طرح باہر ہوجائے گی۔