سنگلاخ پہاڑ، خوبصورت آبشاریں،کوئٹہ کاعلاقہ مزار پیرغائب سیاحوں کیلئےتوجہ کامرکز


کوئٹہ(24نیوز)80کلومیٹردورپیرغائب کامزارکا علاقہ سیاحوں کے لئے توجہ کامرکز بن گیا،پہلی بار آنے والے سیاح مناظر دیکھ کر تعریف کیے بنا نہیں رہ سکے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے تقریباً 80 کلومیٹر کی مسافت پر حضرت پیر غائب کا مزار واقع ہے۔ جہاں ملک کے کونے کونے سے عقیدت مند تو آتے ہی ہیں لیکن یہ مقام سیاحت کے شوقین افراد کے لئے بھی قدرتی خوبصورتی کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہے۔ بلند پہاڑوں کی چوٹیوں سے گرتے آبشار حسین مقام کی خوبصورتی کو چار چاند لگاتے ہیں۔ سیاح یہاں کیمپ لگا کر کئی دن پکنک مناتے ہیں۔ کوئی فیملی کی ہمراہ آتا ہے تو کوئی دوستوں کے ساتھ ٹولیوں کی شکل میں یہاں آکرکچھ دنوں کو یادگار بناتا ہے۔یہاں پہلی بار آنے والے افراد خوبصورت مناظر دیکھ کر تعریف کیے بنا نہیں رہ سکتے مگر ساتھ میں حکومت سے شکوے بھی کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ قدرتی حسن سے مالا مال پیر غائب پر اگر حکومت تھوڑی سی توجہ دے اور یہاں سہولیات فراہم کرے تو نہ صرف اسے سیاحوں کے لئے پر کشش مقام بنیاد جا سکتا ہے بلکہ یہاں سے بھاری زر مبادلہ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔