کراچی میں عام لوگوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے: عمران خان


کراچی (24 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ پولیس میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ کراچی میں عام لوگوں کو ماروائے عدالت قتل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے میرشکیل الرحمن کے خلاف جلد مقدمہ درج کروانے کا بھی اعلان کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ پولیس اس شہر کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، ماروائے عدالت عوام کو قتل کیا جارہا ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میرے اور میری لیڈرشپ پر جھوٹے مقدمات درج کیے گئے، میرشکیل الرحمن انتظار کرے جلد مقدمہ دائر کروں گا بچوں کے حوالے سے بڑے بڑے اسکینڈل آئے دب گئے طاقت ور لوگ ان کرائمز کے پیچھے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کے پی کے میں یورپ جیسی پولیس تو نہیں تاہم بہتری ضرور آئی ہے۔ کرائم کا خاتمہ ہوا اور ٹرانسفر پوسٹنگ سیاسی نہیں ہے۔ آج کے پی کے میں پولیس پروفیشنل بن چکی ہے۔ دیگر صوبوں میں عوام کا پولیس سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔