اٹھو! سازشی مہروں کو سبق سکھا دو؛ مریم نواز عوام کو بغاوت پر اکسانے لگیں


جڑانوالہ (24 نیوز) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے عوام کو بغاوت پر اکساتے ہوئے کہا ہے کہ اٹھو! سازشی مہروں کو سبق سکھا دو۔ منتخب وزیراعظم کوپاناما نہیں اقامہ پرنکال دیا گیا۔

جڑانوالہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے پاور شو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا کہ جہاں سزا پہلے سنا دی جائے اور مقدمہ بعد میں چلے کیا آپ کو ایسا پاکستان چاہیے؟ وعدہ کرو! نوازشریف کے سفر میں ساتھ دو گے۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ وفا کیا ہوتی ہے، یہ کوئی جڑانوالہ کے عوام سے پوچھے۔ وہ جڑانوالہ کے عوام کو سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے مسلم لیگ ن کو طلال چوہدری جیسا وفادار دیا۔

مریم نواز نے کہا کہ جڑانوالہ کی محبت ساری زندگی یاد رہے گی۔ نوازشریف سے تین نسلوں کا حساب لیاگیا لیکن نوازشریف کے خلاف ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ عوام کی عدالت سب سے بڑی عدالت ہوتی ہے۔ جڑانوالہ کے لوگوں نے مشکل وقت میں نوازشریف کا ساتھ دیا۔ جڑانوالہ اور فیصل آباد سے جیت ہمیشہ ن لیگ کی ہوتی ہے۔

ن لیگ کی مرکز رہنما نے کہا کہ جڑانوالہ نے پاکستان اور نوازشریف کے ہاتھ مضبوط کیے۔ پاناما میں نواز شریف کا نام نہیں تھا۔