منفی سیاست کے خاتمہ کیلئے پاکستان کو ترقی پسند متبادل کی ضرورت ہے:بلاول


کراچی (24 نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھارتی اینکر پرسن کی پاکستان مخالف ہرزہ سرائی کا دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت بطور ریاست پاکستان سے بار بار الجھتا ہے لیکن پاکستان ہمسایہ ممالک سے پُر امن تعلقات کا خواہش مند ہے۔

بھارتی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کی خواہش رکھتا ہے جبکہ بھارت ایک ریاست کے طور پر بار بار الجھتا ہے۔ انٹرویو میں پاکستان سے تعصب پر مبنی سوالوں کا بھی انھوں نے دو ٹوک جواب دیا۔

پاکستانی فوج پر ہونے والی تنقید پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی افواج نے فقید المثال قربانیاں دیں۔

پاک فوج کے بھارتی سرزمین پر حملوں سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے جواب میں صاف صاف کہہ دیا کہ وہ پاک فوج سے متعلق ایسے الزامات سننے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ پر پاکستان کئی احتجاج کر چکا ہے لیکن بھارت اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہیں آ رہا۔

امریکی صدر کے پاکستان مخالف بیانات اور ٹویٹس سے متعلق سوال پر پارٹی چیئرمین نے بھارتی اینکر پرسن کو خوب لتاڑا اور کہا کہ امریکی صدر نے پاکستان مخالف صرف ایک ٹویٹ کی لیکن اپنی ٹویٹ میں وہ پاکستان سے متعلق الزامات کو ثابت کرنے میں ناکام رہے۔