پی اے سی کا نیب کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار


اسلام آباد(24نیوز) پی اے سی نے قومی احتساب بیورو کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کردیا ۔کمیٹی نے بریفنگ کےلئے چئیرمین نیب کو طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سید خورشید شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کےاجلا س میں نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر راما ڈیم کی تعمیر میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا۔ نیب حکام نے بتایا کہ معاملہ پر انکوائری جاری ہے۔ پی اے سی نے نیب کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین نیب کو دس اپریل کو طلب کر لیا۔

خورشید شاہ نے نیب میں زیر التوا کیسز کی تمام تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ نیب جس طرح کام کر رہا ہے اس سے بہتر تھا کہ اینٹی کرپشن ادارے ہی کام کرتے رہتے۔ خورشید شاہ بولےکہ پرویز مشرف نے بغیر پی سی ون اسلام آباد نیو ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔

نیشنل بک فاؤنڈیشن کے معاملے پر خورشید شاہ کا مزید کہنا تھاکہ نیشنل بک فاؤنڈیشن نے سستی کتابیں فراہم کیں۔ نیشنل ٹیکسٹ بک بورڈ کو دوسرے بورڈ کی طرح سہولیات دی جائیں۔ چیئرمین پی اے سی نے ایچ ای سی حکام کو قائد اعظم یونیورسٹی کا معاملہ بھی جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔