پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی


لندن(24نیوز)شاہینوں نے لارڈز کے تاریخی میدان پر گوروں کا غرور خاک میں ملادیا ، پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ نو وکٹوں سے جیت لیا۔

پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ نو وکٹوں سے جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ،لارڈز ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگ میں 242رنز بناکر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے لئے 64 رنزکا ہدف دیا۔  ہدف کاتعاقب کرنے   اظہر علی اور  امام الحق میدان میں آئے لیکن 12 کے سکور  پر اظہر علی 4 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔اظہر علی کے آؤٹ ہونے کے بعد امام الحق اور  حارث سہیل وکٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔حارث سہیل 39 اور امام الحق 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 363 رنز بنائے تھے جبکہ انگلینڈ نے صرف 184 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی تھی۔جبکہ دوسری اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگ میں 242آؤٹ ہوگئی  اور پاکستان کو جیت کے لیے صرف 64 رنز کا ہدف دیا ، پاکستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر ہد ف آسانی سے پورا کرلیا ۔

پاکستان کی جانب سے تباہ کن باؤلنگ کی گئی، محمد عباس نے لارڈز کے تاریخی میدان پر انگلش بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ کر رکھ دی ، عباس نے میچ میں مجموعی طور پر 64رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا ، پہلی اننگ میں محمد عباس نے 23رنز کے عوض چار جبکہ دوسری اننگ میں 41 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا ۔ محمد عامر نے میچ میں 5 جبکہ حسن علی نے 4 شیروں کے شکار کیے۔

میچ میں کامیابی پر کپتان سرفراز احمد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کامیا بی کو ٹیم ورک کا نتیجہ قراردیتے ہوئے کہا کہ محنت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اگلے میچ میں بھی کامیابی اپنے نام کریں گے ۔
میچ میں بہترین باؤلنگ کرنے پر محمد عباس کو مین آف دی میچ قراردیا گیا ، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ یکم جون سے ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلا جائے گا ۔

لارڈز کے تاریخی میدان پر پاکستان کو  پانچویں ٹیسٹ کامیابی ملی ہے۔سرفراز احمد لارڈز میں ٹیسٹ میچ جیتنے والے پانچویں پاکستانی کپتان بن گئے۔اس سے قبل عمران خان ،جاوید میانداد،وسیم اکرم،مصباح الحق کی کپتانی میں پاکستان نے لارڈز میں کامیابی حاصل کی۔

لارڈز ٹیسٹ میں کامیابی پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لارڈز میں تاریخی فتح پر پوری پاکستانی ٹیم کو مبارک دی۔ اتحاد،تنظیم اور یقین محکم کے ساتھ ساتھ ٹیلنٹ اور پروفیشنلزم کی بھی جیت ہوئی ۔چیئرمین پی سی بی نے  کامیابی پر کپتان سرفرازاحمد ،کوچ مکی آرتھر اور پوری کوچنگ ٹیم کو مبارک باددی۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔