حکومت نے دیانت اور محنت سے خدمت خلق کی نئی تاریخ رقم کی: شہباز شریف

حکومت نے دیانت اور محنت سے خدمت خلق کی نئی تاریخ رقم کی: شہباز شریف


لاہور (24 نیوز): وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کے درمیان ملاقات، صوبے کے ترقیاتی منصوبوں اور جنوبی پنجاب کے عوام کے فلاح و بہبود کیلئے جاری پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعلیٰ کہتے ہیں کہ پنجاب حکومت نے امانت، دیانت اور محنت سے خدمت خلق کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

 

ماڈل ٹاون میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے صوبے بھر میں بڑے منصوبے تیزی سے مکمل کیے ہیں اور خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت اربوں روپے کی لاگت سے ہزاروں کلو میٹر طویل دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی گئی ہے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دانش سکول، موبائل ہیلتھ یونٹس اور دیگر بڑے فلاحی پروگرام بھی جنوبی پنجاب میں شروع کیے گئے ہیں اور ماضی کے حکمرانوں نے صرف کھوکھلے دعوؤں اور خالی نعروں سے جنوبی پنجاب کے عوام کا دل بہلایا۔

 

اس موقع پر گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی صوبہ بھر میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تعریف کی۔