پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن: پہلی مینز، ویمنزقومی سائیکلنگ چیمپئن شپ


 لاہور(24نیوز): پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام پہلی مینز اور ویمنزقومی سائیکلنگ چیمپئن شپ لاہور میں ایک ساتھ شروع ہو گئی، چیمپئن شپ میں شریک کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ملک میں سائیکلنگ کے فروغ کی خاطر زیادہ سائیکلنگ ایونٹس ہونے چاہئیں۔سائیکلنگ ویلوڈرم میں سائیکلنگ چیمپئن شپ کے افتتاحی روز ٹائم ٹرائلز ایونٹ ہوئے۔

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سید اظہر علی شاہ نے چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔چیمپئن شپ میں چاروں صوبوں کے علاوہ آرمی ،سوئی سدرن گیس ،اسلام آباد اور واپڈا کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

چیمپئن شپ میں شریک مردو خواتین سائیکلسٹ کا کہنا ہے کہ کارکردگی میں بہتری کے لئے ایونٹس کا تسلسل سے انعقاد ضروری ہے۔سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سید اظہر علی شاہ کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ کے دوران ایشین ٹریک سائیکلنگ چیمپئن شپ کے لئے ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔چار روز تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ میں مردوں میں واپڈا جبکہ خواتین میں پاکستان آرمی اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی۔