بھارت سوچتا رہا،سدھو نے کر دکھایا


لاہور( 24نیوز )کرتار پور راہداری کھولنے کی تقریب میں شرکت کیلئے بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو لاہور پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اس سے بڑھ کر خوشی نہیں مل سکتی،تین ماہ پہلے جو وعدہ کیا گیا تھا اس کی تکمیل ہورہی ہے،71سال کا انتظار کرتار پور راہداری کے کھلنے سے ختم ہوا،مذہب کو سیاست کی نگاہ سے مت دیکھیں،خود پر تنقید کرنیوالوں کو معاف کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں،عمران خان کا بچپن سے مداح ہوں،جس کے دامن میں خوشیاں ہی خوشیاں ہوں وہ کیوں خوش نہیں ہوگا۔

سابق بھارتی کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو واہگہ کےراستے لاہور پہنچے، انھیں پاکستانی حکام نے شرکت کی دعوت دی تھی۔ لاہور آمد پر نوجوت سنگھ کا کہنا تھا کہ 71 سال کا انتظار کرتار پور راہداری کی شکل میں مکمل ہوا، بارڈر کھلنے سے  12کروڑ سکھوں کو خوشی نصیب ہوئی. اس سے بڑھ کرخوشی نہیں مل سکتی۔

نوجوت سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا بچپن سےمداح ہوں، فنکاردلوں کوجوڑتا ہے، حلف برداری تقریب میں آنے پر تنقید کرنیوالوں کو معاف کرتا ہوں، سکھ برادری کیلئے کرتار پور راہداری دیوانگی سے کم نہیں، پاکستان اوربھارت کے درمیان کرکٹ میچز ہونے چاہئیں۔

انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرتار پور امن کا راستہ ہے،اس کی بنیاد بھائی چاراہے،عمران خان باکردار انسان ہیں،انہوں نے جو وعدہ کیا پورا کردکھایا،راہداری کھلنے سے سکھ برادری بہت خوش ہے،یہ کوریڈور دشمنیوں کو ختم کرے گی۔

ارمان پورے ہونے کا وقت آن پہنچا

بھارتی سکھ یاتریوں کے ارمان پورے ہونے کا وقت آن پہنچا، پاکستان کی کوششوں سے کرتار پوربارڈرکھلے گا اور دنیا کے چپے چپے میں موجود سکھ کمیونٹی کے لوگ اپنے روحانی پیشوا بابا گرونانک دیو جی کے کرتار پور میں گزرے اٹھارہ سال کی یادگاروں کا اپنی آنکھوں سے نظارہ کرینگے۔وزیر اعظم عمران خان اٹھائیس نومبر کو کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھیں گے، تقریب کی تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئیں ہیں،کوریڈور کی تکمیل کیلئے نالہ بئیں اور دریائے راوی پردو پل بنائے جائیں گے، سڑک کی تعمیر کے لیے سروے مکمل کر لیا گیا،سڑک بھارتی سرحد میں قائم درشن پوائنٹ تک بنے گی جہاں بھارتی حکومت اپنے علاقے میں کوریڈور کا کام مکمل کرے گی۔

افتتاحی تقریب میں بھارت، کینیڈا ،امریکہ، ہالینڈ،سنگا پور،ملائشیا، انگلینڈ اور دیگرممالک سے اہم شخصیات بھی شریک ہوں گی،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی بھارتی ہم منصب سشما سوراج،بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو کرتار پور آنے کی دعوت دی،پہلے دو بھارتی رہنماﺅں نے اس دعوت کو ٹھکرا دیا لیکن نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان آنے کا اعلان کردیا ہے،وہ تقریب میں شرکت کیلئے 28نومبر کو پاکستان آئینگے۔