حصول انصاف کیلئے عدالت آنے والے سائلین پر وکلاء کا تشدد


فیصل آباد( 24نیوز )  پیشی پر آنے والے سائلین پر  وکلاء کا تشدد ،لاتوں، مکوں  اور ہاکی سے دھلائی کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ہائی کورٹ میں پیشی پر آئے سائلین پر وکلاء نے بھرپور تشدد کیا، لاتوں، مکوں  اور ہاکی سے بھی دھلائی کی گئی، سائلین روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے مقدمات کی سماعت پر آرہے تھے، آج جب سائلین سماعت کےبعد واپس جارہے تھے تو کسی بات پر ان کی وکیل کے ساتھ بحث وتکرار ہو گئی، جس کے بعد سیشن کورٹ کے باہر وکلاء نے سائلین کو تشدد کا نشانہ بنایا، لاتوں، گھونسوں سے دل نہ بھرا تو ہاکی  سےتشدد  کیا گیا۔

سائلین پر تشدد ہوتے وقت پولیس خاموش تماشائی بنی رہی، کوئی اہلکاران مظلوم کے بچاؤ کے لئے نہ آیا، جبکہ سیشن کورٹ  کے گیٹ پر تعینات پولیس اہلکار بھی مدد کو نہ آئے۔

 جس کا فائدہ اٹھاتے ہو ئےوکلاء نے سائلین کو بھرپور تشدد کا نشانہ بنایا، دوسری جانب چند گز کے فاصلے پر ایلیٹ فورس کے اہلکارتعینات تھے وہ بھی مدد کو نہ آئے بلکہ تماشا دیکھ کر لطف اندوز ہوتے رہے۔