سو روزہ پلان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعظم نے اجلاس طلب کر لیا

سو روزہ پلان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعظم نے اجلاس طلب کر لیا


اسلام آباد(24نیوز)  سوروزہ پلان کی تقریب کی تیاریاں شروع کردی گئیں،  وزیر اعظم عمران خان نے آج اہم اجلاس طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق 100 روزہ پلان کی تقریب کی تیاریاں شروع کر دی گئیں، اس حوالے سے  وزیر اعظم عمران خان نے اہم اجلاس طلب کرلیا،  وزیر اعظم عمران خان  کے 100 روزہ پلان کے خطاب میں کن کن منصوبوں کو شامل کرنا ہے، فیصلہ آج ہوگا؟ اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، مشیر سیاسی امور نعیم الحق شریک ہوں گے۔  

وزیراعظم  عمران خان کے سیکریٹری اعظم خان، سینیٹر فیصل جاوید،افتخاردرانی سمیت اہم رہنما بھی شریک ہوں گے، اجلاس میں حکومت کی 100 روزہ کارکردگی اور اہداف کی تکمیل کا جائزہ لیا جائے گا،  علاوہ ازیں وزیر اعظم کی حلف برداری تقریب سے کرتار راہداری کے سنگ بنیاد تک تمام اہم اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، سادگی و کفایت شعاری مہم کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد پر غور کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ کس وزیر نے کتنا کام کیا؟ وزارتوں اور ڈویژنوں کی رپورٹس کا جائزہ بھی لیا جائے گا، مواصلات، قانون و انصاف، موسمیاتی تبدیلی، ہاوسنگ، ریلویز، نجکاری، اطلاعات کی کارکردگی پرکھی جائےگی،  وزیر اعظم اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف وزارتوں کے عوامی فلاحی منصوبوں،اور عملی اقدامات پر بھی غور کریں گے۔