قلات:سکیورٹی فورسزکاآپریشن ، 4 دہشتگرد ہلاک، دو سپاہی شہید

قلات:سکیورٹی فورسزکاآپریشن ، 4 دہشتگرد ہلاک، دو سپاہی شہید


کوئٹہ( 24نیوز ) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،چار دہشتگرد ہلاک،دو جوان شہید،دو زخمی ،بھاری اسلحہ برآمد،بارودی سرنگ دھماکہ میں ایک شہری شہید،دو افراد زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قلات کے علاقے منگھوچر میں خفیہ آپریشن کے دوران 2 سپاہی شہید اور 2 زخمی ہوئے۔آپریشن میں 2 خود کش جیکٹس ، دھماکہ خیز مواد اور گولہ بارود برآمد ہوا، ہلاک دہشتگرد حبیب، وحید اور شعیب2004 سے مطلوب تھے،دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں القاعدہ اور لشکر جھنگوی سے بتایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ دہشتگردوں کی کمین گاہ سے 5بچے اور 4خواتین کو بھی بازیاب کرایا گیا۔اس سے قبل کاہان کے قریب خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے بارودی مواد برآمد کرلیا ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سکیورٹی فورسز نےصورف میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں مشتبہ دہشتگردوں کی پناگاہوں سے اسلحہ اورگولہ بارود برآمد کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ایف سی کی کارروائی میں اینٹی ٹینک سرنگیں، مارٹرشیل اورگولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

ادھرضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے مور گانزئی میں موٹر سائیکل بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں تین افراد فضلی ،توکلی اور محمدنعیم شد ید زخمی ہوگئے ،توکلی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال لے جاتے چل بسا، لیویز نے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا جبکہ علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ،متاثرہ افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔