عامر آؤٹ وہاب ان،آسٹریلیا کےخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان

عامر آؤٹ وہاب ان،آسٹریلیا کےخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان


لاہور ( 24 نیوز )پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کےخلاف دوٹیسٹ میچوں کے لئے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ،مسلسل ناقص کارکردگی پر فاسٹ باولر محمد عامر کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا۔   

 تفصیلات کے مطابق پی سی بی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے اعلان کردہ ٹیم میں کپتان سرفراز احمد کے علاوہ اظہر علی ، امام الحق ، فخر زمان ، بابر اعظم ،اسد شفیق ، حارث سہیل ، عثمان صلاح الدین ، یاسر شاہ، شاداب خان ،بلال آصف ، محمد عباس ، حسن علی ، وہاب ریاض ، فہیم اشرف ، میر حمزہ اور رضوان احمد شامل ہیں۔

ٹیم کے انتخاب پر چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ یو اے ای کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے ٹیم کی سلیکشن کی گئی ہے جبکہ پچز کی کنڈیشنز کے باعث قومی ٹیم میں تین سپنرز یاسر شاہ ، شاداب خان اور بلال آصف شامل کئے گئے ہیں،ہوم سیریز میں رضوان احمد کو ٹیم میں شمولیت کا دوبارہ موقع دیا گیا ہے جبکہ محمد عامر کو ڈراپ کر کے وہاب ریاض اور میر حمزہ کو موقع دیا ہے ۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان یو اے ای میں پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ16 اکتوبر کو کھیلا جائیگا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے فوراً بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کی سیریز شروع ہوگی جس میں دونوں ٹیمیں تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ون ڈے میچز میں مدمقابل ہوں گی۔