’’خفیہ طاقتوں سے الیکشن جیتنے کا مفروضہ ختم کر دیں گے‘‘


لاہور( 24نیوز )سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ گھر گھر پہنچ گیا ہے،میرے ساتھ زیادتی ہوئی،آئندہ بھی ہونے کا خدشہ ہے،ان ذیادتیوں کیخلاف ہمیں کھڑا ہونا پڑے گا۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد میاں نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں احسن اقبال، خواجہ آصف، شہباز شریف، حمزہ شہباز ، عابد شیر علی، مریم اورنگزیب، طلال چوہدری، دانیال عزیز اور پرویز رشید سمیت مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت شریک ہوئی۔اجلاس میں نیب اور سپریم کورٹ کی کارروائیوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی اس کے علاوہ نگران سیٹ اپ کا بھی جائزہ لیا جاگیا۔ میاں نواز شریف سے مسلم لیگ کے گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے کارکنوں نے بھی ملاقات کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ووٹ کو عزت دلوائیں گے ، یہ مفروضہ ختم کردیں گے کہ جس کے ساتھ خفیہ طاقتیں ہوتی ہیں صرف وہی الیکشن جیت سکتا ہے۔ مسلم لیگ ن اگلے انتخابات میں اپنے کارکنوں کے بل بوتے پر ضرور جیتے گی، پارٹی کے مخلص کارکن آئندہ الیکشن کی تیاری کریں۔

ضرور پڑھیں:4 ماہ کا بجٹ پیش کرتے تو معیشت بے یقینی کی لپیٹ میں آ جاتی، احسن اقبال

انہوں نے کہا کہ ملک میں کچھ لوگوں کی خوشامد اور چاپلوسی کی جارہی ہے۔ مشرف کی بھی خوشامد کی جارہی ہے۔کیا کبھی ہم کسی اصول پر کھڑے ہوں گے؟ پاکستان میں منتخب نمائندوں کے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے اگر دل میں عوام کی قدر نہیں تو کوئی منصب نہیں رکھنا چاہیے احسن اقبال نے صحیح کہا کہ آپ کی عزت ہے تو سیاستدانوں کی بھی ہے۔

ضرور پڑھیں:سندھ میں کیا ہورہا ہے؟مراد شاہ کی کارکردگی کا پول کھل گیا

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے بہتر مستقل کو سنوارنے کے لئے خامیوں کو دور کرنا ہوگا۔ اپنی سوچوں، ذہنوں اور فکر کو تبدیل کرنا ہوگا۔ گزشتہ 30 سال سے ہم اس حوالے سے کوئی اہم پیشرفت نہیں لاسکے اور اب پاکستان آبادی کے لحاظ سے 5ویں یا چھٹے نمبر ہے جس میں منتخب نمائندوں کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کا کردار قابل تعریف ہے، انہوں نے ملکی ترقی کےلئے عمدہ اور مؤثر کردار ادا کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں سڑکوں کے جال بچھا دیئے اور صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے نئے اسپتال و کالجز بنائے اور ثابت کردیا کہ اگر دل میں عوام کی مخلوق کی قدر نہیں ہے تو کوئی منصب نہیں رکھنا چاہیے، لیکن دوسری جانب مخالفین پنجاب کی ترقی سے خوفزدہ ہوکر منفی پروپیگنڈا کررہے ہیں۔