افغانستان میں بم دھماکوں کی گونج، 59 افراد ہلاک


کابل(24نیوز)  افغانستان پھر دھماکوں سے گونج اٹھا، تین بم دھماکوں میں 59 افراد مارے گئے، درجنوں زخمی، کابل میں خبر رساں ادارے کے دفتر اور کلچرل سینٹر پر خود کش حملے میں تین صحافیوں سمیت 52 افراد ہلاک ، بلخ میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 7 بچوں کی جان چلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق  کابل میں صبح سویرے یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے، پہلا خودکش حملہ دارالحکومت کابل کے جنوب میں واقع پولیس ڈسٹرکٹ 6 کی مسجد کے قریب ہوا، حملے کا ہدف نجی خبر رساں ادارہ تھا، جس میں تین صحافیوں سمیت 12 افراد ہلاک ، بیس کے قریب زخمی ہوگئے، دھماکے سے قریبی عمارتوں اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دوسرا خودکش حملہ کابل میں واقع کلچرل سینٹر میں ہوا، جہاں ایک تقریب جاری تھی، اس حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 40 افراد ہلاک اور تیس زخمی ہوئے۔

کابل کے بعد ایک اور دھماکہ افغان صوبے بلخ میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ہوا، جس نے سات معصوم بچوں کی جان لے لی۔

طالبان نے اس بار خلاف روایت افغانستان میں ہونے والے ان خودکش حملوں سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔