پشاور: خواتین کے مسائل، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کھلی کچہری

پشاور: خواتین کے مسائل، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کھلی کچہری


پشاور (24 نیوز) ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتما​م گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سنٹر گلبہار میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں خواتین نے اپنے مسائل سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق کھلی کچہری میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سارہ تواب، محکمہ تعلیم، میڈیکل شعبے، بلدیاتی خواتین نمائندوں اور اہل علاقہ کی خواتین نے شرکت کی۔ کھلی کچہری کے دوران خواتین نے اپنے مسائل سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا۔ خواتین نے ضلعی انتظامیہ سے گلبہارمیں پولیس نفری بڑھانے کا مطالبہ کیا تاکہ علاقے میں بڑھتی ہوئی راہزنی کی واردات پر قابو پایا جائے ۔

اس موقع پر خواتین نے کہا کہ علاقہ میں نالیوں کی صفائی ضروری ہے تا کہ بارش کے دنوں میں پانی جمع نہ ہو۔ گلبہارمیں بجلی کی تاریں تبدیل کرانے ،پرائمری سکولوں کی تعداد بڑھانے، میک اپ سامان کے دکانوں میں ضابطہ اخلاق اورمناسب نرخنامے جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ اسی طرح گیس لوڈشیڈنگ سمیت کئی مطالبات کیے۔

انتظا​میہ نے یقین دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوامی مسائل کو آگے لانا ہے۔ تمام مسائل سے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔