دفاع پاکستان کونسل کا اجلاس، ختم نبوت پر ملک گیر جلسوں کا اعلان


راوالپنڈی (24نیوز) راوالپنڈی لال حویلی میں دفاع پاکستان کونسل کے سربراہی اجلاس میں رہنماوں نے بیت المقدس، مسئلہ کشمیر اور ختم نبوت پر ملک گیر جلسوں اور اے پی سی کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق دفاع پاکستان کونسل کا سربراہی اجلاس شیخ رشید کی میزبانی میں ہوا۔ مولانا سمیع الحق، جے یو پی نورانی کے صاحبزادہ ابو الخیر زبیر، جماعت الدعوہ کے حافظ سعید، عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈا پور، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق، عوامی راج پارٹی کے جمشید دستی، مولانا فضل الرحمن خلیل اوردیگر رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس میں معاملہ ختم نبوت، بیت المقدس، پاکستان کی جغرافیاتی اورنظریاتی سرحدوں اور او آئی سی پر غور کیا گیا۔مولانا سمیع الحق نے کہا اگر القدس پر خاموشی اختیار کی گئی تو گریٹر اسرائیل پلان کی زد میں مقامات مقدسہ بھی آئیں گے۔حافظ سعید کا کہناتھا کہ بیت المقدس اور بھارت کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے قوم متحد ہو جائے۔

شرکاء نے ملک گیر جلسوں اورتیرہ جنوری کو لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان بھی کیا۔کانفرنس کے بعد شدید بدنظمی ہوئی توشیخ رشید میڈیا سوالات کا سامنا کئے بغیر چلے گئے۔