ترکی کا 60 سالہ خواب سچ ثابت ہو گیا

 ترکی کا 60 سالہ خواب سچ ثابت ہو گیا


انقرہ(24 نیوز) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ترکی کا 60 سالہ خواب سچ ثابت ہو گیا ہے۔ پہلی الیکٹرک سمارٹ کار تیار کر لی ہے، اس کار کا نام ٹاگ ہے۔ ترک صدر کا کہناتھا تُرکی اسےبرانڈ بنائے گا۔

مقامی طور پرپہلی الیکٹرک سمارٹ کار کی رونمائی کی تقریب میں صدر رجب طیب اردوان نے شرکت کی۔ یہ ملکی آٹوموبائل 2022 میں مارکیٹ میں فروخت کے لیے تیار ہوگی۔ اس سلسلے میں افتتاحی تقریب کوجہ ایلی کے علاوہ گبزے میں منعقد ہوئی۔ صدر رجب طیب اردوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک تاریخی دن ہے، ہم نے گزشتہ 60 سالوں سے دیکھے گئے خواب کو پورا کرنے کیلئے دن رات محنت کی ہے اور آج اس خواب کو حقیقت کا روپ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے 100 سے زیادہ ترک انجینئر دن رات کام کر رہے ہیں۔ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ گاڑی کے ڈیزائنرز اور انجینئروں کی کوششوں سے مقامی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے 100 فیصد مقامی سطح پر ہی اسے تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ترکی نے کار کی ٹیکنالوجی میں دنیا میں نیا وژن متعارف کروایا ہے۔ اور اب وہ اس الیکٹرک سمارٹ کار کو دنیا سے متعارف کروانے کے لیے تیار ہے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer