سچ دکھانےپر بھارت برا مان گیا


لاہور(24نیوز)سچ دکھانے پر بھارت برا مان گیا ،24نیوز کی یوٹیوب سے تین ویڈیوز بلاک کروادیں-

جب بھارتی میڈیا پاکستان ائیر فورس کی طرف سے ان کے 2 طیارے گرائے جانے پر اپنی عوام کو گمراہ کررہا تھا تو 24نیوز دنیا کو سچ دکھانے میں پیش پیش تھا،24نیوز کی ویڈیو ز کو سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد نے دیکھا،24نیوز نے بھارتی جھوٹ بے نقاب کرنے کے لیے پل پل کی خبر دی،دنیا کے سامنے ثبوت رکھے۔

24نیوز کی سوشل میڈیا ٹیم نے بھارتی جنگی جنون بے نقاب کرنے کے لیے طیاروں کے گرنے،بھارتی پائلٹ کی گرفتاری اور پھر قید ی پائلٹ  ابھی نندن کا ویڈیو بیان دنیا کو دکھا یا،بھارت کو یہ سچ برداشت نہ ہوا ،لاکھوں لوگوں کی طرف سے دیکھی جانیوالی تین ویڈیوز یوٹیوب سے بلاک کروادیں۔بھارتی  پائلٹ  ابھی نندن نےپاکستان فوج کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ  پاک فوج پیشہ وارانہ مہارت رکھتی ہے۔

اس نے کہا کہ بھارت جاکربھی اپنےبیان پرقائم رہوں گا۔ اس موقع پر بھارتی پائلٹ نے ہاتھ میں چائے کا کپ پکڑا ہوا ہے اور وہ کافی اطمینان میں دکھائی دیا۔ پائلٹ نے چائے دینے پر شکریہ ادا کیا اور چائے کی تعریف بھی کی۔ابھی نندن نے بتایا کہ وہ شادی شدہ ہے۔اس نے یہ بھی  بتایا  تھا کہ وہ بھارتی فضائیہ کا ونگ کمانڈر ہے اور اس کا سروس نمبر 27981 ہے۔بھارت نے ابھی نندن کو پکڑے جانے، چائے پلانے اور گپ شپ کی ویڈیو کی یوٹیوب کو شکایت کردی اور ان ویڈیو ز کو اپنے ملک میں بلاک کرادیا،بلاک ہونے سے پہلے تک یہ ویڈیوز  ایک کروڑ سے زیادہ مرتبہ دیکھی جاچکی تھیں۔

دنیا گلوبل ویلیج،سچ کو کسی طریقے چھپایا نہیں جاسکتا: آغاحیدر رضا 

24 نیوز کے ڈیجیٹل میڈیا  ایکسپرٹ  آغاحیدر رضا نے  کہا کہ 24 نیوز کو یو ٹیوب کی جانب سے نوٹیفکیشن ملا کہ 24نیوز کی  تین ویڈیوز کو بھارت میں بلاک کیا چکا ہے،جو ویڈیوز بلاک کی گئیں ان میں ایسی کوئی چیز نہیں تھی کہ ان  ویڈیوز کو نہ دکھایا جا سکے،آغا حیدر رضا کا مزید کہنا ہے کہ یہ بھارت کا منفی رویہ ہے،ان کے  خیال میں بھارت عوام سے سچ چھپا کر کوئی اور بیانیہ دینا چاہتا ہے،امن کی طرف لے جانے والی ویڈیوز تو زیادہ لوگوں کو دکھانے  کی ضرورت ہے۔ سچ کو روکا نہیں جاسکتا،دنیا گلوبل ویلیج بن چکی ہے،ناظرین ان ویڈیوز کو فیس بک،ٹویٹر سے بھی دیکھ سکتے ہیں۔

بھارت کو منہ کی کھانا پڑی  اور سچ  ہضم نہیں ہورہا:سینئر تجزیہ کار نسیم زہرا

سینئر تجزیہ کارنسیم زہرا نے کہا ہے کہ بھارتی پسپائی ہوئی ہے ،بھارت کو منہ کی کھانا پڑی  اور سچ بھارتی حکومت کو ہضم نہیں ہورہا،24نیوز نے دنیا کو حقیقت بتائی ہے،پاکستان اور بھارت کی طرف عوام جنگ نہیں چاہتے،طیارے مارگرانے پر بھارت نہیں مان رہا تھا تب چینل 24نیوز نے سچ دکھایا اور اسے یہ حقیقت ماننا پڑی۔

سچ دکھانے کا سہرا چینل 24 نیوز ٹیم کو جاتا ہے:سینئر تجزیہ کار مبشر لقمان

سینئر تجزیہ کارمبشر لقمان نے کہا ہے کہ بھارت نام کی بڑی جمہوریت ہے اور یہ سچ برداشت نہیں کرسکتا،عوام کو سچ دکھانے کا سہرا چینل 24 نیوز ٹیم کو جاتا ہے،یہ ان کی بہت بڑی اچیومنٹ ہے،یاد رکھیں کہ اگر مستقبل میں بھی سچ دکھایا جائے گا تو وہاں ویڈیوز کو بلاک کیا جاسکتا ہے۔

بھارت کی معروف تجزیہ کار نسیم زہراکا انٹرویو بند کرنے کی التجائیں

دوسری طرف ٹوئنٹی فور نیوز کی معروف تجزیہ کار نسیم زہرا کے منہ سے نکلا سچ بھی بھارتی حکومت کے لئے ڈراؤنا سپنا بن چکا تھا ،پھر مودی اور اسکے چمچوں کے ذہن میں وہی پرانی خارش نے جنم لیا کہ سچ مٹاؤ  اور جھوٹ پھیلاؤ،بھارتی اہلکار بھاگے اور یوٹیوب کے قدموں میں جا گرے ، ابھی نندن کے پکڑے جانے،بیان حلفی اور معروف تجزیہ کار نسیم زہرہ کا انٹرویو بند کرنے کی التجائیں کرنے لگا ،خوف صرف ایک تھا کہ کہیں پاکستان دشمنی کا منجن بھارت میں بکنا بند نہ ہو جائے ،یو ٹیوب نے پابندی تو لگا دی ۔سچ کا گلا تو گھونٹ دیا ۔ لیکن اس وقت تک 80 لاکھ لوگ یہ حقیقت جان چکے تھے۔