ملک کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں حد نگاہ صفر رہ گئی


لاہور (24نیوز)  ملک کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں،حد نگاہ کم، ٹریفک اورکاروبار زندگی متاثر،گڈو تھرمل پاور کے متعدد یونٹ ٹرپ کرگئے،سندھ، پنجاب، بلوچستان کے کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل رہی بحالی کاکام جاری۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں آج بھی شدید دھند کا راج رہا, جما دینے والی سردی نے نظام زندگی الٹ پلٹ دیا، لاہور،فیصل آبا اورملتان میں پروازوں کے شیڈول بھی معطل رہے,  شیخوپورہ،رحیم یارخان، نارووال اورگڈو میں حادثات کے دوران متعدد افراد زخمی ہوئے۔

پنجاب کے مختلف شہر بدستور شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، گوجرانوالہ، شیخوپورہ ،جہلم ،خوشاب،ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولپور،فیصل آباد،ملتان، سیالکوٹ ،بہاولپور،اوچ شریف، راولپنڈی، سرگودھا، چینوٹ اورگڈومیں حد نگاہ انتہائی کم رہی۔ جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

موٹروے کے تمام سیکشنز کو بند رکھا گیا پھرمطلع صاف ہونے پر کھول دیا گیا جبکہ جی ٹی روڈ پر بھی شدید دھند نے شہریوں کو شدید پریشان کئے رکھا، ادھر لاہور، فیصل آبا اورملتان میں پروازوں کے شیڈول بھی معطل رہے۔

شیخوپورہ،نارووال ،گڈو اوررحیم یارخان میں شدید دھند اورشاہراہوں پرپھسلن کے باعث متعدد گاڑیاں اور ٹرالر ٹکرا گئے، متعدد افراد زخمی ہوکر اسپتال جاپہنچے، اوچ شریف میں ٹرالر نے آئل ٹینکر کوٹکر ماردی جس سے 25 ہزار لیٹرتیل بہہ گیا۔

محکمہ موسمیات کےمطابق مالاکنڈ، کوئٹہ، ژوب ڈویژن، گلیات، ناران، کاغان ،مری،کشمیر اور گلگت بلتستان میں برف باری کا امکان ہے،بنوں، پشاور، کوہاٹ، سرگودھا،اسلام آباد، راولپنڈی،گوجرانوالہ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔