فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز، جنوبی کوریا نے مولدوا کو شکست دے دی

فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز، جنوبی کوریا نے مولدوا کو شکست دے دی


انتالیہ(24نیوز) جنوبی کوریا نے فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز کردیا۔ پہلے فرینڈلی میچ میں جنوبی کوریا نے مولدوا کو ایک صفر سے شکست دے دی۔ کم شن ووکس نے میچ کا واحد گول اسکور کیا۔

تفصیلات کے مطابق ترکی کے شہر انتالیہ کے مردان فٹ بال سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوستانہ میچ میں جنوبی کورین ٹیم زیادہ تر وقت کھیل پر حاوی رہی۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوشش کے باوجود گول کرنے میں ناکام رہیں۔ میچ کے دوسرے ہاف میں جنوبی کورین اسٹرائیکر کم شن ووکس نے کارنر پر ہیڈر کے ذریعے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلائی جو کہ میچ کےاختتام تک برقرار رہی۔

فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے جنوبی کورین ٹیم کا تر بیتی کیمپ 24 جنوری سے ترکی کے شہر انتالیہ میں جاری ہے اور کیمپ کے دوران کورین ٹیم 30جنوری کو جمیکا اور 3 فروری کو لیٹویا کے خلاف میچز کھیلے گی۔