پاکستانی امن مشن فورس پر حملہ، ایک جوان شہید


اسلام آباد (24 نیوز) عوامی جمہوریہ کانگو میں پاکستانی امن مشن فورس پر حملے میں ایک پاکستانی جوان شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح باغیوں نے امن دستے پر اس وقت حملہ کیا جب وہ معمول کی گشت پر تھا، باغیوں سے فائرنگ کے تبادلے میں نائیک نعیم رضا شہید جبکہ سپاہی بلال زخمی ہوگئے۔

پاکستانی امن مشن کے جانبازوں نے باغیوں کے حملے کا بھرپور جواب دیتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا۔ اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے پاکستان عالمی امن مشن کا مستقل رکن ملک ہے۔

عالمی امن اور سلامتی کے قیام کے لئے 23 افسروں سمیت 156 بہادر پاکستانی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے امن مشن میں 6 ہزار پاکستانی افسر اور جوان شریک ہیں۔