سابق مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی رہا

سابق مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی رہا


اسلام آباد( 24نیوز ) سابق مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا، ان کو کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کے الزام پر گرفتار کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق کالم نگار اور نوازشریف کے سابق مشیر عرفان صدیقی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا،اسپیکر اسمبلی نے عرفان صدیقی کو ہتھکڑی لگانے پر رپورٹ طلب کر لی, سابق مشیر وزیراعظم کوپرسوں رات کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور گزشتہ روز انہیں 14 روز کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوا دیا گیا تھا تاہم آج مقامی مجسٹریٹ مہرین بلوچ نے ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے اس فیصلے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بھی اس حوالے سے کہا تھا کہ یہ فیصلہ جس کسی نے بھی کیا ہے اس نے تحریک انصاف کا فائدہ نہیں یا،اسسٹنٹ کمشنر مہرین بلوچ نے عرفان صدیقی کی ضمانت منظور کی۔

جس کے بعد اسپیشل مجسٹریٹ نے 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض نواز شریف کے سابق معاون خصوصی کی ضمانت منظور کر لی۔قانونی کارروائی پوری ہونے کے بعد عرفان صدیقی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ عرفان صدیقی کی گرفتاری پر ن لیگ اور دیگر افراد کی جانب سے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔