دانیال عزیز توہین عدالت کے مرتکب،پانچ سال کیلئے نااہل ہوگئے


اسلام آباد( 24نیوز ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے دانیال عزیز کیخلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ سنادیا ہے،سابق وفاقی وزیر کو نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے نااہل قرار دے دیا ہے،انہیں عدالت ختم ہونے تک قید کی سزا بھی سنائی گئی۔
یاد رہے دانیال عزیز اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی سزا میں مماثلت پائی جاتی ہے ان کو بھی توہین عدالت کیس میں پانچ سیکنڈ کی سزا سنائی گئی تھی اور وہ پانچ سال کیلئے کوئی بھی سرکاری عہدہ رکھنے کیلئے نااہل ہوگئے تھے۔

 یہ بھی پڑھیں: الیکشن 2018: شاہد خاقان عباسی تاحیات نااہل قرار
سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے دیا، جس کے بعد وہ الیکشن 2018 لڑنے کے اہل نہیں رہے،جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے گزشتہ ماہ 3 مئی کو دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
آج سماعت کے دوران دانیال عزیز کے خلاف کیس کا فیصلہ جسٹس مشیر عالم نے پڑھ کر سنایا، سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کو آئین کے آرٹیکل 204کے تحت عدالت برخاست ہونے تک توہین عدالت کی سزا سنائی۔
آج سماعت کے آغاز پر دانیال عزیز عدالت میں موجود نہیں تھے، جس پر سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کے آنے پر فیصلہ سنایا جائے گا،بعدازاں دانیال عزیز بھی کمرہ عدالت میں پہنچ گئے۔اس موقع پر سپریم کورٹ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور بکتربند گاڑی بھی سپریم کورٹ کی پارکنگ میں موجود رہی۔
یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ٹی وی ٹاک شوز کے دوران دانیال عزیز کے عدلیہ مخالف بیانات پر رواں برس 2 فروری کو توہین عدالت کا ازخودنوٹس لیتے ہوئے بنچ تشکیل دیا تھا۔تیرہ مارچ کو دانیال عزیز پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد کی گئی تھی، تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔

جن الفاظ پر مجھے سزا دی گئی وہ میں نے کہے ہی نہیں: دانیال عزیز  

انہوں نے عدالت سے نکلتے ہی میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف تین الزامات تھے، جن الفاظ پر مجھے سزا دی گئی وہ میں نے کہے ہی نہیں ہیں،فیصلے کا جائزہ لے کر آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرینگے،میں نے جاوید ہاشمی کے انکشافات کا ذکر کیا تھا،یوسف رضا گیلانی نے سزا کاٹی تو وزیر اعظم بنے تھے،میں اور میری جماعت نے عدالت کا ہرفیصلہ تسلیم کیا ہے،فیصلے کا اثر میرے حلقے کے عوام پر پڑے گا۔