کراچی: دودھ کی قیمتوں کا معاملہ حل

کراچی: دودھ کی قیمتوں کا معاملہ حل


کراچی (24نیوز) دودھ کی قیمتوں کا معاملہ حل ہوگیا۔ ڈیری فارمز، انتظامیہ اور ریٹیلرز کے درمیان معاملات طے پاگیا۔ کراچی میں دودھ کی قیمت 94 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔ یکم اپریل تک دودھ 85 روپے فی لیٹر میں ملے گا۔

سندھ ہائیکورٹ میں دودھ کے نرخ مقررکرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تو کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے عدالت میں پیش ہوکر دودھ کی قیمت سے متعلق ڈرافٹ عدالت میں بھی پیش کیا۔ کمشنر کراچی نے بتایا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر دودھ کے نرخ 94 روپے لیٹر طے کی ہے، نرخ سے متعلق ڈرافٹ پر سب کے دستخط بھی لیے گئے ہیں۔ اس موقع پر ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے دودھ کے نرخ 94 روپے فی لیٹر مقرر کرنے پر اعتراض کیا اور ریٹیلرز کے وکیل نے کہا کہ ہمیں دودھ مہنگا پڑرہا ہے۔تاہم کچھ دیر بعد ریٹیلرزایسوسی ایشن کے دونوں دھڑے دودھ کی قیمت 94 روپے لیٹر کرنے پر راضی ہوگئے۔

دوران سماعت جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں غریبوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیئے، لوگوں کے پاس کھانے کوکچھ نہیں، آپ لوگ یہاں بحث کررہے ہیں غریبوں کا کیا ہوگا؟ ایسا نہ ہو کہ ہم سندھ حکومت کو مداخلت کی ہدایت جاری کریں۔ عدالت نے کمشنر کراچی کو دودھ کی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت دی اور ساتھ ہی حکم دیا کہ یکم اپریل تک دودھ 85 روپے فی کلو فروخت کیا جائے جب کہ نئی قیمت کا اطلاق یکم اپریل کیا جائے۔