شاندار خوشخبری، وزیراعظم کا مفت موبائل فون دینے کا اعلان

شاندار خوشخبری، وزیراعظم کا مفت موبائل فون دینے کا اعلان


اسلام آباد(24 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے احساس کے نام سے غربت کے خاتمے کے جامع پروگرام کا آغاز کردیا، اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پروگرام غربت کے خاتمے اور نادار افراد کو خط غربت سے اوپر لانے کیلئے جہاد کا آغاز کیا۔

عمران خان نے کہا کہ اس پروگرام کا آغاز نظریہ پاکستان کی تجدید ہے جس کے تحت پاکستان کے بانیوں نے ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، احساس پروگرام پر عملدرآمد کی طرف پہلاقدم آئین کے آرٹیکل 38 ڈی میں ترمیم ہے جس کے تحت خوراک، کپڑوں، گھر اور علاج کی فراہمی عوام کا بنیادی حق تصور کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں کے لئے خرچ کی جانے والی رقم 80 ارب روپے تک بڑھائی جا رہی ہے اور اس رقم کو 120 ارب تک بڑھایا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کی وزارت کے نام سے ایک نئی وزارت قائم کی جا رہی ہے، پاکستان بیت المال، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور غربت کے خاتمے کی رابطہ کونسل سمیت تمام فلاحی اداروں کو اس وزارت کے تحت مربوط کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ غربت کے اشاریوں تک درست رسائی کیلئے آمدن اور غربت کے بارے میں اعداد و شمار اکٹھے کیے جا رہے ہیں، احساس پروگرام میں تحفظ بھی شامل ہوگا جس کے تحت نادار افراد کو مالی مدد کی فراہمی کیلئے سروے کیا جائے گا۔57 لاکھ غریب خواتین کے سیونگ اکاﺅنٹس کھولے جائیں گے اور اپنے بینک اکاﺅنٹس تک رسائی کیلئے انہیں موبائل فون فراہم کیے جائیں گے۔

 کپتان نے کہا کہ غریب خواتین کا وظیفہ پانچ ہزار سے بڑھا کر ساڑھے پانچ ہزار روپے کیا جارہا ہے، ان خواتین کیلئے تحصیل کی سطح پر مراکز قائم کیے جائیں گے جہاں یہ خواتین اپنے بینک اکاﺅنٹس تک رسائی اور ملازمتوں کی تلاش میں مدد حاصل کرسکیں گی، پروگرام کا ایک اور جزو تحفظ ہے جس کے تحت مشکل کی گھڑی میں سب کو قانونی مدد کے علاوہ صحت ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھی مدد فراہم کی جائے گی،نادار بیواﺅں کو بھی مدد فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ نادار طبقوں کی مدد کیلئے غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ اشتراک عمل قائم کیا جائے گا، سرکاری اور نجی شعبے کے اشتراک عمل سے جسمانی طور پر کمزور بچوں، بے سہارا اور خانہ بدوش بچوں ، خواجہ سراءاور جبری مشقت کا شکار بچوں کو بھی مدد فراہم کی جائے گی، پاکستان بیت المال کو آئندہ چار برس کے دوران دس ہزار بچوں کیلئے گھروں کی تعمیر کیلئے فنڈز فراہم کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ 38 اضلاع میں 33 لاکھ افراد کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے صحت پروگرام بھی شروع کیا جارہاہے۔

صغراں افضل(ایڈیٹر)