سندھ میں غیرقانونی 2 ہزار سے زائد مدارس بند کرا دیئے گئے


 کراچی (24 نیوز): سندھ میں غیرقانونی مدارس کے خلاف کریک ڈاون مکمل، 2 ہزار سے زائد مدارس بند کرا دیئے گئے، مشکوک سرگرمیوں میں ملوث 57 مدارس کے خلاف بھی کارروائی مکمل کرلی گئی۔

 

سندھ ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کے تحت محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں مدارس کی جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کرلیا، محکمہ داخلہ سندھ نے مدارس رجسٹریشن کی رپورٹ تیار کرلی۔ سندھ میں مجموعی طور پر 10 ہزار 303 مدارس کی اسکروٹنی کی گئی، جیو ٹیگنگ کے دوران 2 ہزار 309 غیر قانونی مدارس بند کرا دیئے گئے۔

 

صوبہ سندھ میں 97 مدارس مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے، محکمہ داخلہ سندھ مشکوک سرگرمیوں میں ملوث 57 مدارس بند کروائے۔ سندھ میں 7 ہزار 444 رجسٹرڈ مدارس موجود ہیں، سندھ میں 5 لاکھ 47 ہزار 695 طلباء مدارس میں زیر تعلیم ہیں، مدارس میں 818 غیر ملکی طالب علم موجود ہیں۔

 

سندھ میں مدارس کی رجسٹریشن کا نیا قانون بھی متعارف کرایا جاچکا ہے، مدارس کو محکمہ داخلہ سندھ اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے این او سی لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔