شہباز شریف 6دسمبر تک نیب کے” مہمان“ رہینگے


لاہور( 24نیوز )سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو ایک بار پھر احتساب عدالت میں پیش کردیا گیا،نیب حکام نے 7 روزہ راہداری ریمانڈ ختم ہونے پر شہباز شریف کو عدالت میں پیش کیا، آشیانہ ہاو¿سنگ سکینڈل میںان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی گئی ہے،عدالت نے 6دسمبر تک ریمانڈ میں توسیع کردی۔

احتساب عدالت لاہور کے جج سید نجم الحسن نے آشیانہ ہاوسنگ سکینڈل کیس کی سماعت کی، نیب وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 19 نومبر کو سوالنامہ دیا گیا، مشکوک ٹرانزیکشن کے حوالے سے سوالات تھے، شہباز شریف نے جواب دیا تھا کہ وکیل سے مشاورت کے بعد جواب دوں گا تاحال شہباز شریف نے نیب کے سوالات کا جواب نہیں دیا، شہباز شریف نے کل تحریری جوابات ہمارے حوالے کیے ہیں، شہباز شریف نے 6 کروڑ کے گفٹ دیئے ہیں، شہباز شریف کی ڈھائی کروڑ کل آمدن ہے۔

شہباز شریف نے کہا میں حقائق عدالت کو بتانا چاہتا ہوں جس پر عدالت نے کہا آپ ابھی خاموش رہیں بعد میں جواب دیں۔ نیب وکیل نے استدعا کی کہ شہباز شریف سے ابھی مزید تفتیش درکار ہے عدالت جسمانی ریمانڈ میں توسیع کرے، شہباز شریف کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور کہا 55 روز گزر گئے نیب کچھ ثابت نہیں کرسکا۔ امجد پرویز نے کہا نیب حکام نے کوئی تفتیش تاحال مکمل نہیں کی، 6 کروڑ روپے کے گفٹ دیئے گئے وہ کوئی جرم نہیں ہے۔