ہوگئے حکمراں کمینے لوگ، مشاہداللہ کااشعار کے ذریعے حکومت کو جواب


اسلام آباد(24نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن   کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نےایوان بالا میں حکومت کی خوب کلاس لے لی۔انھوں نےشاعری  کے ذریعے سخت الزامات کا شعروں میں جواب دے کر حکومت کی بولتی بند کردی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں ن لیگ کے سینیٹر مشاہداللہ خان نے شاعری کے ذریعےحکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔انکا کہنا تھا کہ وزیر اطلاعات فواد چودھری کو انکی نانی یاد دلائیں گے، انھوں نے کہا کہ آپ مدینہ کی ریاست کے وزیر ہیں کہ رنگیلا شاہ کی، عمران خان کو فواد چودھری کو نکالنا ہوگا۔

انھوں نے حکومت پر تنقید کے لیے اشعار کا سہارا لیا، اور کہا جب کمینے عروج پاتے ہیں، اپنی اوقات بھول جاتے ہیں۔

ہوگئے حکمراں کمینے لوگ

خاک میں مل گئے نگینے لوگ

مشاہداللہ نے کہا کہ فواد چودھری کو  ثبوت دینا ہوگا کہ میں نے اپنے بھائی اور کزن کو عہدوں پر لگایا، اگر وہ ایسا نہ کرسکے تو انہیں ایوان میں آکر معافی مانگنی پڑے گی۔اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما  شبلی فراز نے کہا  کہ مشاہد اللہ خان کی دل آزاری ہوئی ہے تو ان کے ساتھ ہیں۔

یاد رہے کہ حکمران جماعت کے وزیراطلاعات فواد چودھری نے گزشتہ روز ایوان میں اپوزیشن کے بارے میں سخت الفاظ کا استعما ل کیا تھاجس پر اپوزیشن ایوان سے واک آؤٹ کرگئی تھی۔

 

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔