نیا صدر مملکت کون ہوگا؟

نیا صدر مملکت کون ہوگا؟


اسلام آباد(24نیوز) ملک کے نئے صدر کے انتخاب کا وقت قریب، صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا کام مکمل ہوچکا، عارف علوی، اعتزاز احسن اور مولانا فضل الرحمان کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن نے منظور کرلئے گئے۔
 تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے امیدوار عارف علوی ، پیپلز پارٹی کے امیدوار اعتزازاحسن اور متحدہ اپوزیشن کے امیدوار مولانا فضل الرحمان اور امیر مقام کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے، 8 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی تائید اور تجویز کنندگان نہ ہونے پر مسترد کر دیئے۔پیپلزپارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ تحریک انصاف کے کئی ارکان پارٹی فیصلوں سے پریشان ہیں۔راجہ ظفرالحق یا ایازصادق امیدوار ہوتے تو حمایت کا سوچ سکتے تھے، اس وقت پیپلزپارٹی کیلئے فیصلہ واپس لینا مشکل ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی نے بھاری اکثریت سے کامیابی کے اپنے دعوے پر قائم ہیں۔ ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے پھرپیپلزپارٹی سے متفقہ امیدوارلانے کی درخواست کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے دس روز کی کارکردگی سے لگتا ہے کہ حکومتی فیصلے گوگل سے کئے جارہے ہیں۔مولانا عبدالغفورحیدری نے کہاکہ اپوزیشن کومتحد رکھنے اور تقسیم کرنے کا فیصلہ پیپلزپارٹی کے ہاتھ میں ہے۔